طلال چودھری پر الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد، اویس لغاری کو نوٹس۔
فیصل آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری پر الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے کہا کہ طلال چودھری نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے، انہیں فون پر آگاہ کیا گیا تھا۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ دو نوٹسز کے باوجود طلال چودھری نے ضابطہ اخلاق کی پاسداری نہیں کی، اسی وجہ سے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مزید کارروائی کے لیے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا ہے۔
ڈی جی خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر ڈی جی خان نے این اے 185 میں امیدوار محمود لغاری کی الیکشن مہم میں شرکت پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ہونے کے ناطے اویس لغاری نے الیکشن مہم میں حصہ لے کر ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونوں وزراء کو 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا تاکہ شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔














