وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ ڈی ایٹ میڈیا فورم میں شرکت کے لئے باکو پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
باکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ آذربائیجان میں ڈی ایٹ میڈیا فورم میں شرکت کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ ان کا استقبال حیدر علیوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آذربائیجان کی میڈیا ڈویلپمنٹ ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد اسماعیلوف نے کیا۔ فورم کا موضوع ‘مباحثے، تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینا’ ہے، جس میں پاکستان، آذربائیجان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا اور ترکی کے میڈیا ماہرین شامل ہیں۔
فورم کا مقصد ڈی ایٹ ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا، تجربات کا تبادلہ اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈیا تعاون، حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں مشترکہ لائحہ عمل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات کی ڈی ایٹ کے سیکریٹری جنرل، رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات اور عالمی ماہرین سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ان کی ملاقات آذربائیجان پریزیڈنشل ایڈمنسٹریشن میں خارجہ امور کے سربراہ حکمت حاجیوف سے بھی متوقع ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات آذربائیجان کے سرکاری ٹی وی کا بھی دورہ کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور میڈیا تعاون کے حوالے سے تعلقات کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔














