الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی اور شہرناز عمر ایوب کو متنازعہ بیان پر طلب کر لیا، ہری پور ضمنی انتخاب کے لیے فوج طلب۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن پاکستان نے حویلیاں جلسے میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے متنازعہ بیان پر نوٹس لیتے ہوئے انہیں اور ضمنی انتخاب کی امیدوار شہرناز عمر ایوب کو طلب کر لیا ہے۔ ان پر ضلعی انتظامیہ اور انتخابی عملے کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے، جس سے این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کا امن متاثر ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن نے الیکشنز ایکٹ 2017 اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں کو ہفتے کو طلب کیا ہے اور سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے تاکہ وفاقی سکیورٹی اداروں کی مدد سے سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ہری پور میں 23 نومبر کو فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔














