دبئی ائیرپورٹ پر رواں سال 32 لاکھ پاکستانی مسافروں کی آمد، پاکستانی چوتھے نمبر پر رہے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے رواں سال کے ابتدائی نو ماہ میں 32 لاکھ پاکستانی مسافروں کو خوش آمدید کہا، جو پاکستانیوں کو دبئی کا چوتھا سب سے بڑا استعمال کنندہ بناتا ہے۔ پاکستانی مسافر سیاحت، کاروبار، خاندانی ملاقاتیں، ملازمت، اور ٹرانزٹ مقاصد کے لیے دبئی آتے ہیں۔
دبئی ائیرپورٹ پر جولائی سے ستمبر تک 2 کروڑ 42 لاکھ مسافروں کی آمدورفت رہی، جو گزشتہ سال سے 1.9 فیصد زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر، جنوری سے ستمبر تک 7 کروڑ 1 لاکھ مسافروں نے دبئی ائیرپورٹ استعمال کیا، جو گزشتہ سال سے 2.1 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ 12 ماہ میں دبئی ائیرپورٹ نے 9 کروڑ 38 لاکھ مسافروں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ بھارتی مسافر 88 لاکھ کے ساتھ پہلے نمبر پر، سعودی 55 لاکھ اور برطانوی 46 لاکھ کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
دبئی ائیرپورٹ کی کارکردگی بھی شاندار رہی، روانہ ہونے والے 99.6 فیصد مسافروں کی امیگریشن 10 منٹ میں مکمل ہوئی، جبکہ دبئی پہنچنے والے 99.8 فیصد مسافروں کی امیگریشن 15 منٹ میں مکمل ہوئی۔
مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد خصوصاً جنوبی ایشیائی مسافروں کو مدنظر رکھتے ہوئے، ٹرمینل ون اور تھری میں نئی توسیع جاری ہیں۔














