دبئی میں شور کی آلودگی کنٹرول کرنے کے لیے ‘نوائز ڈیٹیکشن ریڈار’ نصب کیے جارہے ہیں، خلاف ورزی پر سخت جرمانے عائد ہوں گے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی پولیس نے شہر میں بڑھتی ہوئی شور کی آلودگی کو قابو میں لانے کے لیے ‘نوائز ڈیٹیکشن ریڈار’ نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ریڈارز کا مقصد گاڑیوں کی آوازوں اور شور پیدا کرنے والی دیگر آوازوں کی شناخت کرنا ہے۔ دبئی سیویلیٹی کمیٹی کے مطابق، یہ ریڈار موڈیفائیڈ ایکزاسٹ، غیر ضروری ہارن اور گاڑی کے اندر بلند موسیقی کی نگرانی کریں گے۔
خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے کی حد 2,000 درہم تک ہو سکتی ہے اور 12 بلیک پوائنٹس بھی دیے جائیں گے۔ شدید خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی قبضے میں لے لی جائے گی، جسے واپس لینے کے لیے 10,000 درہم کی فیس ادا کرنی ہوگی۔
پولیس نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں مزید ریڈارز نصب کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں شور کی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ جدید ریڈار مصنوعی ذہانت کی مدد سے شور کے ذرائع کی شناخت اور تجزیہ کریں گے، جس سے شہریوں کو پرسکون اور محفوظ سفر ممکن ہو سکے گا۔














