یورپی شخص نے پرانی لیپ ٹاپ بیٹریوں سے پاور سسٹم بنا کر آٹھ سال سے گھر کو بجلی فراہم کی۔
یورپ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپ میں ایک ٹیکنالوجی کے شوقین شخص نے پرانی لیپ ٹاپ بیٹریوں کو جوڑ کر ایک پاور سسٹم تیار کیا، جو آٹھ سال سے اس کے پورے گھر کو بجلی فراہم کر رہا ہے۔ اس ڈی آئی وائی ماہر نے ابتدا میں 650 لیپ ٹاپ بیٹریاں جمع کیں جو بعد میں بڑھ کر 1000 سے بھی زیادہ ہوگئیں۔ یہ بیٹریاں خصوصی اسٹوریج یونٹ میں ترتیب سے نصب کی گئیں۔
ابتدائی مسائل میں بیٹری سیلز کی غیر متوازن کارکردگی شامل تھی، جس کے باعث کچھ سیلز جلد خالی ہو جاتے تھے۔ تاہم، اس نے تمام بیٹری پیک کھول کر سیلز الگ کیے اور نئے سرے سے ایک مضبوط ریک سسٹم تیار کیا۔ اس دوران، یہ شخص اپنے سولر سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرتا رہا، جو اب 7 kWh سے بڑھ کر 56 kWh تک بجلی پیدا کر رہا ہے۔
ماہرین اس نظام کو الیکٹرانک فضلے میں کمی اور توانائی کے متبادل ذرائع کی بہترین مثال قرار دےرہے ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوئی بلکہ توانائی کی خود کفالت بھی ممکن ہوئی۔















