دبئی ایئر شو 2025 میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سب کی توجہ حاصل کی۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی ایئر شو 2025 میں پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیارہ توجہ کا مرکز بن گیا۔ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ ایئر شو کا آغاز شاندار فضائی کرتب کے ساتھ ہوا، جس میں دنیا بھر کی فضائی اور دفاعی صنعت کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان کے جے ایف 17 طیارے کو اس کی کارکردگی اور مہارت کی بنا پر خوب سراہا گیا۔ شو میں شریک افراد پاکستانی طیارے کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں اور اس کی خصوصیات کے بارے میں جانکاری حاصل کر رہے ہیں۔
دبئی ایئر شو کو تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 1500 سے زائد کمپنیاں، 148,000 وزیٹرز، 115 ممالک کے 490 وفود اور 200 سے زائد طیارے شریک ہیں۔ اس میں پاکستانی جے ایف 17 طیارے نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طیارے ڈسپلے میں ایک دوسرے کے قریب رہے، جس نے شائقین اور ماہرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ دبئی کے پانچ روزہ ایئر شو میں عالمی دفاعی معاہدے، ٹیکنالوجی لانچز اور فلائنگ ڈسپلے جاری رہیں گے۔














