الیکشن کمیشن نے یونین کونسل سیکرٹری کو انتخابات کی ذمہ داری دینا آئین کے خلاف قرار دیا اور فوری انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات فوری منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ یونین کونسل سیکرٹری کو انتخابات کرانے کی ذمہ داری دینا آئین و قانون کے خلاف ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹس کی معیاد 14 فروری 2021 کو ختم ہوگئی تھی۔ وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 140-A، 219 کے تحت 120 دن کے اندر انتخابات کروانے کی پابند ہے۔ تاہم، الیکشن کئی وجوہات کی بنا پر ملتوی ہوتے رہے۔
الیکشن کمیشن نے 13 نومبر 2025 کو کیس کی سماعت کی اور 17 نومبر 2025 کو انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ کمیشن نے کہا کہ ایکٹ 2015ء کی ترمیمات کے تحت سیکرٹری یونین کونسل کو انتخابات کرانے کی ذمہ داری دینا آئین سے متصادم ہے۔
کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشنز ایکٹ 2017ء کے تحت ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا اختیار کمیشن کے پاس ہے۔ انتخابات انہی افسران کے ذریعے ہوں گے جن کی تقرری کمیشن کرے گا۔














