ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری ختم کر دی ہے، 22 نومبر سے ویزا لازمی ہوگا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایران میں بھارتی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے متعدد واقعات کے بعد کیا گیا ہے، جہاں انہیں ملازمت کے جھوٹے وعدوں یا دوسرے ممالک پہنچانے کے بہانے ایران بلایا گیا تھا۔
ایران پہنچنے پر بعض افراد کو اغوا کرکے تاوان طلب کیا گیا۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ ان واقعات کے بعد ایران نے عام بھارتی پاسپورٹ پر ویزا چھوٹ 22 نومبر سے معطل کر دی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے اس سہولت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اب بھارتی شہریوں کو ایران کا سفر کرنے کے لیے ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔















