شاہ لطیف ٹاؤن میں قتل کا معمہ حل، بیوی اور دوست گرفتار

شاہ لطیف ٹاؤن میں شہری کے قتل کا معمہ حل، پولیس نے مقتول کی بیوی اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ایک شہری کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کی بیوی اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا۔

جمعہ کو شاہ لطیف ٹاؤن کے کوہی گوٹھ علاقے میں 30 سالہ امین ولد پیارو کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

تفتیش کے دوران پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آمنہ اور علی اکبر نامی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق آمنہ اور علی اکبر کے درمیان چند ماہ قبل دوستی ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کا فیصلہ کیا۔

ملزم علی اکبر نے غلام حسین کے ساتھ مل کر کلہاڑی کے وار سے مقتول کو قتل کیا، جبکہ آمنہ نے اپنے شوہر کے قتل کے لیے علی اکبر کو اُکسایا اور مدد کی۔

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ غلام حسین نے واردات کے عوض 40 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں