پاکستان کے مجموعی قرضے میں 1,371 ارب روپے کی کمی، مستقبل میں حکومتی قرضوں کی ضرورت کم ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے مجموعی قرضے میں 1,371 ارب روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ جون 2025 میں پاکستان کا مجموعی سرکاری قرضہ 80,518 ارب روپے تھا جو ستمبر 2025 میں کم ہو کر 79,174 ارب روپے رہ گیا۔
خرم شہزاد نے کہا کہ 69 ماہ میں پہلی بار سرکاری قرضے میں سہ ماہی بنیادوں پر کمی ہوئی ہے، جو قرضوں کے رجحان میں اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں میں یہ کمی نظم و ضبط پر مبنی مالیاتی حکمت عملی اور مہنگے قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی کا نتیجہ ہے۔
خرم شہزاد نے اس بات پر زور دیا کہ اس کمی سے حکومتی قرض لینے کی ضرورت کم ہوگی، ری فنانسنگ اور رول اوور کے خطرات گھٹیں گے، اور درمیانی مدت میں مالی استحکام مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں میں کمی سے پالیسی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے جبکہ کم قرض ادائیگی سے ترقیاتی و سماجی شعبوں کے لئے مالی گنجائش بھی بڑھے گی۔













