سعد رفیق نے ججز کے استعفوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے دھڑے بندی کی سیاست پر تنقید کی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ججز کے استعفوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں آئین، انصاف اور جمہوریت کی بالادستی کے حامیوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ججز عدلیہ کے دیانتدار افراد میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے فیصلوں سے اختلاف کے باوجود ان کی عمومی انصاف پسندی تسلیم شدہ ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ حالیہ استعفوں کو دھڑے بندی کی سیاست سے نہیں جوڑنا چاہیے بلکہ ان کے ذریعے پیدا ہونے والی فالٹ لائنز کو پر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک اندرونی محاذ آرائی کا شکار نہ ہو۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی تنازعات کے حل کے لیے نئے مسائل پیدا کرنے کے بجائے موجودہ مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے تنقید کی کہ استعفوں پر خوشی منانے کے بجائے مسائل کو حل کرنا بہتر ہوگا۔














