آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف آج عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی؛ پیپلز پارٹی کو 38 ارکان کی حمایت کا دعویٰ۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر آج سہ پہر 3 بجے ووٹنگ ہوگی۔ یہ اجلاس اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت طلب کیا ہے۔ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار ہیں، اور اگر کامیاب ہوئی تو وزیراعظم انوار الحق عہدے سے فارغ ہو جائیں گے۔ چوہدری انوار الحق اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر منتخب ہوئے تھے۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان مظفرآباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے ارکان بھی پہنچ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حمایت 36 سے بڑھ کر 38 ہوگئی ہے۔ فارورڈ بلاک کے مزید 2 ارکان تحریک میں شامل ہیں، تحریک پر شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط ہیں۔ مسلم لیگ نون کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ برقرار ہے۔
شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل منگل کو متوقع ہے، جس میں پیپلز پارٹی پاکستان کی مرکزی قیادت کی شرکت کا امکان ہے۔ تحریک کی کامیابی کی صورت میں فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم ہوں گے۔
نئی حکومت کو سیاسی چیلنجز کا سامنا ہوگا، جن میں ایکشن کمیٹی کے معاہدوں پر عملدرآمد اور مسلم لیگ نون کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر عملدرآمد شامل ہیں۔ کابینہ کو 20 وزراء تک محدود رکھنا بھی ایک آزمائش ہوگی۔ آج کی ووٹنگ آزاد کشمیر کی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گی۔














