اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آبادی کا کنٹرول ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتی ہے اور ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے آبادی کا کنٹرول ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل ترقی کے لیے مؤثر آبادی مینجمنٹ لازم ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مضبوط معیشت کے لیے ذمہ دارانہ آبادی پلاننگ کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ بچوں کی پیدائش زچہ و بچہ کے لیے صحت کے مسائل کا باعث بنتی ہے اور زیادہ آبادی ملکی وسائل پر شدید دباؤ ڈالتی ہے۔ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے آبادی کا توازن ضروری ہے جبکہ شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے آبادی کا دباؤ کم کرنا ہوگا۔
مصدق ملک نے کہا کہ مستقبل کی نسلوں کے لیے بہتر معیارِ زندگی آبادی کنٹرول کرنے سے ہی ممکن ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے آبادی میں اعتدال ناگزیر ہے۔ آبادی پر کنٹرول سے ہی خوشحالی کے راستے کھل سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کبھی سوچا ہی نہیں کہ محفوظ پانی تک رسائی اتنی مشکل کیوں ہے اور صاف پانی کی فراہمی کیا یہ بنیادی انصاف اور حقوق کا مسئلہ نہیں؟ رپورٹ میں بہترین اضلاع کی صورتحال بھی تشویش ناک قرار دی گئی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں 20 لاکھ سے زائد کم سن بچے تعلیم کے غیر یقینی مستقبل سے دوچار ہیں جبکہ 65 فیصد آبادی عارضی و کچی رہائش میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ صاف پانی، تعلیم اور محفوظ رہائش یہ سہولیات نہیں بلکہ بنیادی حقوق ہیں۔















