پاکستان میں 5 جی اسپیکٹرم نیلامی جنوری تا مارچ 2026 میں ہوگی، جس کے لیے نئی ٹائم لائن جاری کر دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومتِ پاکستان نے 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے نئی ٹائم لائن کا اعلان کیا ہے۔ اب یہ نیلامی جنوری سے مارچ 2026 کے دوران منعقد ہوگی، جو پہلے دسمبر 2025 میں متوقع تھی۔
فریکوئنسی الاٹمنٹ بورڈ کے مطابق 606 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ بینڈز میں دستیاب ہوگا، جن میں 700، 1800، 2100، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز شامل ہیں۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب امریکی مشاورتی کمپنی نیرا نے سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں مارکیٹ کی تیاری اور نیلامی حکمتِ عملی سے متعلق سفارشات شامل ہیں۔
ایڈوائزری کمیٹی جلد حتمی سفارشات اقتصادی رابطہ کمیٹی اور وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی، جس کے بعد وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نیلامی کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گی۔
ماہرین کے مطابق 5 جی ٹیکنالوجی پاکستان میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔














