پنجاب حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے تمام جائیدادیں اور اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے بھر میں ٹی ایل پی کے نام پر موجود تمام جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات جمع کر کے 15 نومبر تک محکمہ داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ چیئرمین سب کیبنٹ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے متعلقہ محکموں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دیں۔
تحریک لبیک پاکستان کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد اب اس کے تمام مالی و غیر مالی اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں۔















