وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی اتحاد پر زور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے سیاستدانوں کے ساتھ مل کر فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے سیاستدانوں کے ساتھ مل کر فیصلے کرنا ہوں گے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سپیکر بابر سلیم سواتی نے کی۔ جرگے کا مقصد صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کی حکمت عملیوں پر غور کرنا تھا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ امن کی بحالی کے لئے سیاستدانوں، عوام اور سکیورٹی فورسز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ہر کسی کی اپنی ہے لیکن امن ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے۔ دہشتگردی کے خلاف سب نے قربانیاں دی ہیں، اگرچہ 2018 میں امن قائم ہوا تھا لیکن اب ایک بار پھر دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے پاک افغان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ آخری آپشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بند کمروں سے نکل کر فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ پائیدار امن قائم ہوسکے۔

دیگر متعلقہ خبریں