قومی اسمبلی آج 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے گی، حکومت کے پاس مطلوبہ ووٹوں سے زیادہ حمایت موجود ہے۔
[اسلام آباد]: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جہاں 27ویں آئینی ترمیم کے بل کی شق وار منظوری دی جائے گی۔ حکومت کے پاس ترمیم منظور کرانے کے لیے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ووٹ موجود ہیں۔
گزشتہ روز اسمبلی کی کارروائی شور شرابے کی نذر ہوگئی تھی، تاہم وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ازخود نوٹس کا اختیار ماضی میں ایک عفریت بن چکا تھا، اب عدالتوں کے اختیارات کی واضح حد بندی سے انصاف کا عمل زیادہ شفاف ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ترمیم کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ نظام انصاف کو درست سمت میں لانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ یہ ترمیم جمہوریت کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے، جبکہ جے یو آئی (ف) کی شاہدہ اختر علی نے مؤقف اپنایا کہ ترمیم میں شامل کئی نکات عوامی مشاورت کے بغیر شامل کیے گئے ہیں۔
حکومت آج کے اجلاس میں ترمیم کو باآسانی منظور کرانے کے لیے پُرامید ہے، کیونکہ حکومت کے پاس 237 ارکان کی حمایت موجود ہے جبکہ منظوری کے لیے 224 ووٹ درکار ہیں۔








