لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں سموگ کی شدت برقرار، ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت برقرار ہے، اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 455 تک پہنچ گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے، راوی روڈ پر اے کیو آئی 855، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 742، ماڈل ٹاؤن 682 اور ساندہ روڈ 618 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک جا پہنچا ہے، اور ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر ہے، بہاولپور میں اے کیو آئی 620، ملتان 571، فیصل آباد 418 اور گوجرانوالہ 340 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی آلودگی صحت کے لئے سنگین خطرہ بن رہی ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ماسک کا استعمال اور صبح کے وقت کھلی فضا میں سرگرمیوں سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















