جکارتہ میں جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں دھماکہ، 54 افراد زخمی جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔
جکارتہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جمعہ کی نماز کے دوران ایک مسجد میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ شمالی جکارتہ کے کیلاپا گاڈنگ علاقے میں نیوی کمپاؤنڈ کے اندر واقع مسجد میں پیش آیا۔ پولیس چیف ایسپ ایڈی سہیری نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور ماہرین شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
زخمیوں میں نمازی، بچے اور اساتذہ شامل ہیں، جنہیں جلنے سمیت مختلف نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ دھماکے کے بعد فوج کے انجینئرنگ یونٹ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دھماکہ خیز مواد کی جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس نے مسجد اور اطراف کے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک دھماکے کی نوعیت یا اس کے محرکات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔













