لاہور میں این سی سی آئی اے کرپشن کیس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور، دیگر ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجے گئے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ نے این سی سی آئی اے کرپشن کیس میں ملوث اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا۔
این سی سی آئی اے کے کرپشن کیس میں ملوث افسران کو لاہور ضلع کچہری میں پیش کیا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے لیے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس کے جواب میں وکیل علی اشفاق نے دلائل دیتے ہوئے ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کے خلاف شواہد کی عدم موجودگی کا ذکر کیا۔
وکیل علی اشفاق نے عدالت میں کہا کہ رشوت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے دیگر ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا۔ مجسٹریٹ نعیم وٹو نے تفتیش کی رفتار پر تنقید کی اور پراسیکیوشن سے مزید ثبوت کا مطالبہ کیا۔
عدالت میں عروب جتوئی کی جانب سے بیرسٹر امرت احمد شیخ نے دلائل پیش کیے جبکہ مدعیہ عروب جتوئی ذاتی حیثیت میں موجود تھیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔













