لاہور ہائی کورٹ میں جدید ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم نافذ، عدالتی ریکارڈ کی معیاری درجہ بندی اور ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم متعارف۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی ہدایت پر لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ اس جدید سسٹم کو بین الاقوامی معیار اور جدید تکنیکی بنیادوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم میں جامع اور موثر اصلاحات نافذ کی گئی ہیں جس کے تحت دو ایڈیشنل رجسٹرارز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کی حفاظت، معیاری درجہ بندی اور شفاف نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ، کمپیوٹرائزڈ موومنٹ انڈیکس اور کاپی پٹیشن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرائے گئے ہیں۔
کاپی برانچ کی کارکردگی بہتر بنا کر وکلا اور سائلین کو بروقت مصدقہ نقول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ فعال اور پرانی فائلوں کی اسکیننگ اور ڈیجیٹل طور پر محفوظ بنانے کا عمل بھی جاری ہے۔
ریکارڈ رومز کی تنظیم نو، فائلوں کی درجہ بندی، فائل لیبلنگ سسٹم اور ماحول کی بہتری کے لیے انتظامی اصلاحات بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔













