چین نے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری دوبارہ شروع کی

چین نے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری دوبارہ شروع کر دی، سویابین کی خریداری کا وعدہ۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے گزشتہ ہفتے دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات کے بعد امریکی زرعی مصنوعات کی محدود خریداری دوبارہ شروع کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ بیجنگ نے رواں سال کے اختتام تک 1 کروڑ 20 لاکھ ٹن امریکی سویابین خریدنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

امریکی کسانوں کے لیے سب سے بڑی منڈی چین نے اپنی زرعی اجناس کی طلب کو تجارتی جنگ میں سودے بازی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا، جس کے بعد اس نے جوابی محصولات کے کئی دور کے بعد امریکا سے گندم اور سویا بین خریدنے سے گریز کیا۔

چینی خریداروں نے جمعرات کو امریکی گندم کے دو کارگو خریدے، جو گزشتہ سال اکتوبر کے بعد پہلی خریداری ہے۔ ایک امریکی صنعت کے اہلکار نے بتایا کہ امریکا سے چین کے لیے سورگم کی کھیپ بھی روانہ کی گئی ہے۔

چین نے امریکی درآمدات پر جوابی ٹیرف معطل کر دیے ہیں، جن میں زرعی مصنوعات پر ڈیوٹی بھی شامل تھی، تاہم امریکی سویابین کی درآمد پر 13 فیصد ٹیرف برقرار ہے۔

سنگاپور میں قائم اناج کے تاجر نے کہا کہ یہ خریداری چین کے امریکی اناج کی خریداری کے وعدے پر قائم ہونے کا اشارہ ہے۔ امریکی گندم سستی نہ ہونے کے باوجود یہ فیصلہ زیادہ سیاسی نظر آتا ہے۔

چینی ریاستی اناج خریدار کمپنی کوفکو نے شنگھائی میں ایک تقریب کے دوران سویا بین کی خریداری کے معاہدوں پر دستخط کیے۔ چین نے 2025 کے آخری دو ماہ میں کم از کم 1 کروڑ 20 لاکھ ٹن امریکی سویابین خریدنے کا وعدہ کیا ہے، لیکن بیجنگ نے اب تک ان اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کی۔

دیگر متعلقہ خبریں