حکومت کو 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی میں 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سینیٹ میں بھی مطلوبہ ووٹ موجود ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے مشن میں حکومت کو قومی اسمبلی کے 237 ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔ قومی اسمبلی میں 336 نشستوں میں سے 10 خالی ہیں، جس کی وجہ سے موجودہ اراکین کی تعداد 326 ہے۔ آئینی ترمیم کے لیے 224 ارکان کی حمایت درکار ہے، جبکہ حکومتی اتحاد کو 237 ارکان کی حمایت میسر ہے۔
حکومتی اتحاد میں سب سے بڑی جماعت ن لیگ ہے جس کے 125 ارکان ہیں، پیپلزپارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22، ق لیگ کے 5، اور آئی پی پی کے 4 ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ ضیا، بلوچستان عوامی پارٹی، اور نیشنل پارٹی کے ایک ایک رکن کے علاوہ 4 آزاد ارکان بھی حکومتی اتحاد کی حمایت کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 89 ہے، جن میں 75 آزاد ارکان، جے یو آئی ف کے 10 ارکان، اور دیگر چھوٹی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں۔ سینیٹ میں ترمیم کی منظوری کے لیے 96 میں سے 64 ووٹ درکار ہیں، جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس 65 ووٹ موجود ہیں۔













