پنجاب اسمبلی نے قومی شناختی کارڈ پر بلڈ گروپ کی معلومات درج کرنے کی قرارداد منظور کی، جس کا مقصد ہنگامی طبی امداد میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسمبلی نے قومی شناختی کارڈز پر بلڈ گروپ کی معلومات درج کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ قرارداد کا مقصد ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد فراہم کرنا اور انسانی جانوں کو بچانا ہے۔
احمد اقبال چوہدری کی پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ حادثات اور طبی عمل کے دوران مریض کے خون کے گروپ کی فوری معلومات دستیاب نہ ہونے سے علاج کی تیزی اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا، جس سے بے شمار انسانی جانیں بچائی جا سکیں گی۔
مزید کہا گیا کہ شناختی کارڈز پر خون کے گروپ کی معلومات درج کرنے سے ایمبولینس سروسز، اسپتالوں اور بلڈ بینکس کو فوری طبی امداد میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے بلڈ بینکس کو مناسب خون عطیہ دہندگان کی فراہمی میں بھی سہولت ہوگی۔
احمد اقبال چوہدری نے قرارداد کو عوامی مفاد میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے سول سوسائٹی کی تنظیموں، بالخصوص ظفر وال بلڈ سوسائٹی، کے کردار کو سراہا۔
ایوان نے وفاقی حکومت اور نادرا کو نئے اور تجدید شدہ شناختی کارڈز پر بلڈ گروپ کی معلومات کے اندراج کے ضروری اقدامات کی سفارش کی ہے تاکہ یہ معلومات ہنگامی ضروریات کے لیے محفوظ اور مؤثر ہوں۔













