گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں برفباری سے سردی میں اضافہ، پی ڈی ایم اے نے مزید بارش کی پیشگوئی کی۔
ناران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر برف پڑ رہی ہے، 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔
خیبر پختونخوا کے سوات، دیر اور کالام میں بھی برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوا جبکہ اپر ہزارہ ڈویژن میں بارش اور ژالہ باری سے دن میں بھی رات کا منظر رہا۔
ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں 2 سے 3 انچ برف پڑ چکی ہے۔ مظفرآباد سے وادی نیلم تک بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔













