کراچی میں ڈاکٹروں نے خطرناک آپریشن کے ذریعے نوجوان کی جان بچالی

کراچی کے جناح اسپتال میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرکے 21 سالہ نوجوان کی جان بچا لی، جس کے سینے میں پیوست لکڑی کا ڈنڈا دل کے قریب پہنچ گیا تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جناح اسپتال کراچی کے ڈاکٹروں نے ایک خطرناک آپریشن کے ذریعے 21 سالہ نوجوان کی جان بچالی، جس کے سینے میں پیوست لکڑی کا ڈنڈا دل اور بڑی شریان کے قریب رک گیا تھا۔ نوجوان تقریباً سات فٹ اونچائی سے گر کر لکڑی کے ڈنڈے پر جاگرا تھا، جس سے لکڑی کا ٹکڑا بغل کے نیچے سے سینے کو چیرتا ہوا دل کے قریب پہنچ گیا۔

جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریض کی دل کی دھڑکن خطرناک حد تک سست ہونے کے باوجود ایڈوانسڈ ٹراما لائف سپورٹ کے اصولوں کے تحت فوری علاج کیا۔ تھوراسک سرجنز ڈاکٹر محمد شعیب اور ڈاکٹر نادر علی نے بتایا کہ زخم کی نوعیت کی بنا پر دل یا بڑی شریانوں کے نقصان کا خدشہ تھا، لیکن معائنے سے پتہ چلا کہ لکڑی کا ڈنڈا بائیں جانب سینے کی تیسری پسلی کے درمیان سے داخل ہوکر سینے کی بیچ کی ہڈی کے قریب رک گیا تھا۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک کیس تھا، لکڑی کا ڈنڈا دل اور ایورٹا سے چند سینٹی میٹر کے فاصلے پر تھا، لیکن بروقت سرجری، ٹیم ورک اور فوری علاج نے مریض کی جان بچا لی۔ مریض اب مکمل ہوش میں ہے اور تیزی سے صحتیابی کی طرف گامزن ہے۔ اس آپریشن میں تھوراسک سرجنز ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر نادر علی اور ڈاکٹر عائنا نے پروفیسر تنویر احمد کی نگرانی میں سرجری کی تھی۔

دیگر متعلقہ خبریں