دیر اور سوات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے سردی بڑھ گئی، بجلی منقطع

خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر اور سوات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی، بجلی منقطع اور راستے متاثر ہوئے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر اور سوات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ بارش کے دوران اندھیرا چھا گیا اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ بالائی علاقوں کی سڑکوں پر کٹاؤ کے بعد شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔ بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، میوہ جات کے باغات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

سوات میں بھی موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، اور ڈبلیو ایس ایس سی کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑکوں پر بہنے لگا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے امکانات ہیں، جس سے راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ایبٹ آباد، دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔ جبکہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان سمیت کئی اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور سیاحوں و مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں