بلیو اکانومی پاکستانی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بلیو اکانومی کو پاکستانی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کے لیے بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی پاکستانی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور بلیو اکانومی اس میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ حکومت معیشت میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے جو مستحکم ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لیے ڈھائی سال میں ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں، افراط زر اور پالیسی ریٹ میں بڑی کمی آئی ہے جبکہ تین گلوبل ریٹنگ ایجنسیز نے پاکستان کے معاشی اقدامات کی تعریف کی ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ تجارت اور معیشت کے استحکام کے لیے دوست ممالک کا تعاون حاصل ہے۔ کراچی، گوادر اور پورٹ قاسم کی بندرگاہوں کو جدید بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور معیشت کی ترقی کے لئے وزارتوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی ہے۔ وزارت خزانہ معیشت کے استحکام کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں