پاکستان اور رومانیہ نے بحری تعاون، تجارتی روابط اور میری ٹائم شعبے میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا، کراچی پورٹ اور کانسٹانسا پورٹ کے تعاون سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے رومانیہ کے سفیر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے بحری تعاون، تجارتی روابط اور میری ٹائم شعبے میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ اور کانسٹانسا پورٹ کے درمیان تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جلد 6 آپریشنل بندرگاہوں والا ملک بننے جا رہا ہے جو یورپی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے میری ٹائم تربیت، سکیورٹی اور ڈیجیٹل لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ رومانیہ کے سفیر نے پاکستانی سپورٹس اور زرعی مصنوعات میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ فریقین نے سرمایہ کاری اور نئے تجارتی راستوں کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ آخر میں دونوں ممالک نے اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔













