کرک میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک، فرار کی کوشش ناکام

کرک میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کرک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کرک میں ہائی وے پر ناکہ بندی کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی خیبر پختونخوا کوہاٹ ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس کرک نے تخت نصرتی کے علاقے مدکی روڈ پر خفیہ اطلاع کے بعد کامیاب کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی تھی کہ مسلح دہشت گرد ناکہ بندی کر کے مسافروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔

اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی سوات کی ٹیموں اور پولیس کے اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کیا، جس پر دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دیگر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران علاقے سے ایک کلاشنکوف، دو میگزین، ایک دستی بم اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں