ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے اسٹیٹس کے حوالے سے وضاحت جاری کردی

ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ ٹیکس دہندگان کا اسٹیٹس 2024 کے گوشواروں کی بنیاد پر متعین ہوگا اور جنہوں نے توسیع کی درخواست دی ہے انہیں فعال فہرست سے نہیں نکالا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کا اسٹیٹس 2024 میں جمع کرائے گئے گوشواروں کی بنیاد پر متعین کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کچھ میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹیکس دہندگان کو غیر فعال قرار دینے سے متعلق گمراہ کن رپورٹ گردش کر رہی ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ جن ٹیکس دہندگان نے مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواست جمع کروائی، انہیں فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا۔ سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست 2024 کے گوشواروں پر مبنی ہوگی اور اس میں 15 نومبر 2025 تک کے نئے فائلرز بھی شامل ہوں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جو ٹیکس دہندگان سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست جمع کرواتے ہیں، انہیں خودکار طور پر 15 دن کی توسیع دی گئی ہے۔ انکم ٹیکس قواعد میں حالیہ ترامیم کے بعد گوشواروں کو دستی طور پر جمع کرانے کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔

تاہم، پچھلے سال جن افراد نے اپنے گوشوارے دستی طور پر جمع کرائے تھے انہیں ای فائلنگ کے لیے ایک ماہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ریجنل ٹیکس آفسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے ٹیکس دہندگان کو مکمل معاونت فراہم کریں تاکہ ای-فائلنگ کے نظام میں با آسانی منتقلی ممکن ہو سکے۔

ایف بی آر ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے پرعزم ہے اور شفافیت اور ٹیکس کمپلائنس کو ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں