اے ایف سی صدر اور فیفا نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کا مقصد فٹ بال کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بات چیت ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ 4 تا 7 نومبر 2025 کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کا مقصد ملک میں فٹ بال کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بات چیت کرنا ہے۔
شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو دورے کے دوران ‘اسٹیٹ گیسٹ’ کا درجہ دیا گیا ہے۔ ان کے ہمراہ اے ایف سی کے اعلیٰ عہدیداران اور بین الاقوامی کھیلوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران شیخ سلمان کی ملاقاتیں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور دیگر اعلیٰ قیادت سے متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں فٹ بال کے شعبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی، نوجوانوں کے لیے مواقع کی توسیع، اور اسپورٹس ڈویلپمنٹ پر تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔
وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء نے کہا ہے کہ ہم شیخ سلمان اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ یہ دورہ پاکستان میں فٹ بال کے نئے دور کی بنیاد رکھے گا، اور کھیلوں کے فروغ، اسپورٹس سفارت کاری، اور علاقائی تعاون کے امکانات پیدا کرے گا۔
حکومتِ پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ ادارے اس دورے کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔













