ویرات کوہلی کے جوہو ریسٹورنٹ میں کھانوں کی قیمتوں نے سوشل میڈیا پر ہلچل پیدا کر دی، جہاں سادہ روٹی 118 روپے اور بریانی 978 روپے میں دستیاب ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے لگژری ریسٹورنٹ ‘ون ایٹ کمیون جوہو’ میں کھانوں کی حیران کن قیمتوں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ ممبئی کے ساحلی علاقے جوہو میں واقع اس ریسٹورنٹ میں سادہ تندوری روٹی 118 بھارتی روپے، سادہ چاول 318 بھارتی روپے جبکہ لکھنوی دم بریانی 978 بھارتی روپے میں پیش کی جا رہی ہے۔
یہ ریسٹورنٹ اس بنگلے میں قائم کیا گیا ہے جہاں کبھی بھارتی گلوکار کشور کمار رہتے تھے۔ ویرات کوہلی نے اس تاریخی گھر کو 2022 میں جدید آرائش کے ساتھ ایک کیفے میں تبدیل کیا جہاں موسیقی، کرکٹ اور کھانے کا امتزاج موجود ہے۔
‘ون ایٹ کمیون جوہو’ کا نام ویرات کے جرسی نمبر 18 سے متاثر ہے اور یہ ایک کمیونٹی اسپیس کے طور پر معروف ہے۔ یہاں لوگ جڑتے ہیں، موسیقی سنتے ہیں اور اچھا وقت گزارتے ہیں۔
یہ ریسٹورنٹ چین اب دہلی، گڑگاؤں، کولکاتہ، بنگلورو، پونے، اندور اور جے پور میں بھی موجود ہے، لیکن ممبئی کا جوہو برانچ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ کشور کمار کے سنہری دور کی یاد کو زندہ کرتا ہے۔













