راولپنڈی ڈویژن میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 14342 افراد کی واپسی، پولیس کا مالکان کے خلاف کارروائی کا اعلان۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی ڈویژن کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران 14342 افغان شہریوں کو واپس بھجوا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں پولیس کی جانب سے بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کے مطابق افغان شہریوں کو دکان یا گھر کرائے پر دینے والے مالکان کے خلاف 79 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 1523 غیر قانونی افغان شہریوں کو حراستی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو مکان، دکان یا گاڑی کرایہ پر نہ دیں۔
بابر سرفراز نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کسی بھی قسم کا کاروبار، خرید و فروخت یا ملازمت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان آر پی او نے عوامی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا، مساجد اور مقامی سطح پر اعلانات جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے اور قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو مقامی تھانہ میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت دی ہے۔













