کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے جنوبی پنجاب میں پریس کانفرنس کے ذریعے تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کیا، اور ملکی سلامتی کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔
ملتان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے جنوبی پنجاب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے ٹی ایل پی سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں، بلکہ شہدا کے خون کے احترام میں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو سرحدوں پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاجی کال کو بے جواز قرار دیا اور کہا کہ بیرونی چیلنجز کے باوجود احتجاج غیرمناسب تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈرز نے پُرتشدد سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کو چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں امن کی کوششیں جاری ہیں اور پاکستان میں احتجاجی تحریک کا تشدد میں بدلنا ناقابل برداشت ہے۔ سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ریاست سب سے اہم ہے اور ریاست کی مضبوطی سے ہی تمام چیزیں ممکن ہوتی ہیں۔













