سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کا حملہ، 460 افراد ہلاک

سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملے میں 460 افراد ہلاک ہوگئے، اقوام متحدہ نے اسے انسانی بحران قرار دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

دارفور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سوڈان کے دارفور علاقے میں ریپڈ سپورٹ فورسز نے سعودی ہسپتال پر حملہ کرکے 460 افراد کو ہلاک کردیا۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یہ حملہ شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت پر قبضے کے بعد کیا گیا، جس میں مریضوں سمیت ہسپتال میں موجود سیکڑوں افراد کو قتل کیا گیا۔

الفاشر میں تین دن کے دوران 1700 سے زائد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سوڈان میں کنٹرول کی لڑائی میں اب تک 40 ہزار افراد مارے گئے ہیں، جبکہ ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

الفاشر کے علاقے میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے قبضے کے بعد ہزاروں شہریوں کے قتل اور نسلی بنیادوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ شہر میں ایک لاکھ 77 ہزار عام شہری محصور ہیں، جو محفوظ مقامات تک نہیں پہنچ پا رہے۔

رپورٹ کے مطابق سیکڑوں شہریوں کو زندہ جلایا گیا جبکہ کچھ کو زبردستی اپنی قبریں کھودنے پر مجبور کیا گیا۔ شہر میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور موقع پر ہی قتل کے واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔

عالمی اداروں کے مطابق چند گھنٹوں میں 2 ہزار کے قریب افراد مارے گئے۔ ڈاکٹرز یونین کے مطابق فرار ہونے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ڈاکٹرز یونین نے اس صورتحال کو نسل کشی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرائم قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں