وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے سے انتظامی تبدیلیاں اور طویل مدتی نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ پولیس کی مضبوطی اور کرپشن کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے سے طویل مدتی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیوں کا میکنزم بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی پولیس محمد طاہر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کیا گیا ہے، جس سے پولیس پر مزید ذمہ داریاں عائد ہوں گی۔
انہوں نے بھاگ کے ایس ایچ او کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری کے اعتراف میں انہیں وفاق سے اعلیٰ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا جو لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گی، جس سے پولیس کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو مضبوط بنایا جائے گا، شہدا کے بچوں کو 16 سالہ تعلیم فراہم کی جائے گی، منشیات کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور پولیس میں موجود کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیویز میں گولڈن ہینڈ شیک کا آپشن بھی متعارف کرایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا، ورنہ یہ لڑائی گھروں تک پہنچ سکتی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت ڈھائی یا پانچ سال تک ہو، وہ آخری وقت تک کام کرتے رہیں گے اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے ڈھائی سال کے فارمولے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔













