وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات میں عمان اور ایران کے دوروں کی تفصیلات پر تبادلہ خیال ہوا اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں بارڈر سیکیورٹی کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے اپنے حالیہ دورہ عمان اور ایران کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزارتِ داخلہ کے اہم امور، سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی روابط پر گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے عمانی اور ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں زیر بحث آنے والے نکات، دوطرفہ سیکیورٹی تعاون، امیگریشن مسائل، اور بارڈر منیجمنٹ پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے دونوں ہمسایہ ممالک سے قریبی تعاون کو خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خطے میں سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں بارڈر سیکیورٹی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
ملاقات میں وزارتِ داخلہ کے دیگر جاری منصوبوں، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، شہروں کی سیکیورٹی، ایف آئی اے کی کارکردگی، اور نادرا کے ڈیجیٹل اصلاحاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے وزارتِ داخلہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سیکیورٹی اداروں کو تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔













