وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارت پر الزام لگایا ہے کہ وہ افغان طالبان کی مدد سے پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑ رہا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کابل میں افغان طالبان کی حمایت کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف کم شدت کی جنگ کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے العربیہ کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت اور افغان طالبان کے تعلقات کے شواہد موجود ہیں، جب طالبان کے ایک وزیر بھارت میں تھے تو پاکستان اور افغانستان میں جھڑپیں ہوئیں۔ پاکستان نے افغان طالبان کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور ان جھڑپوں میں متعدد پاکستانی جوان شہید ہوئے۔
خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے، جس کا ذکر امریکی صدر نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کی گئی تو اسلام آباد خاموش نہیں رہے گا اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ امن کی خواہش رہی ہے لیکن اگر کابل نے تصادم کا راستہ اپنایا تو پاکستان جواب دے گا۔













