غزہ کے رفح علاقے میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں حماس کے مراکز پر جوابی فضائی حملے کیے۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) غزہ کے رفح علاقے میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ہلاک شدہ اہلکار کی شناخت 37 سالہ ماسٹر سارجنٹ یونا ایفرائیم فیلڈباؤم کے نام سے ہوئی، جو حماس کے اسنائپر کے فائرنگ سے مارا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اہلکار کھدائی کرنے والی مشین چلا رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے بعد حماس کے جنگجوؤں نے دیگر اسرائیلی فوجیوں کی بکتر بند گاڑیوں پر راکٹ حملے کیے تاہم وہ محفوظ رہے۔
اسرائیلی فوج نے حماس کے ان حملوں کو غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا اور جوابی کارروائی میں رفح سمیت غزہ کے مختلف مقامات پر حماس کے مراکز پر بمباری کی۔ ان حملوں میں حماس کے کئی کمانڈرز ہلاک ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ان فضائی حملوں میں 104 افراد شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور 13 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہ کرنے پر فوج کو جوابی کارروائی کا حکم دیا۔













