لیموں کے عرق اور گرم پانی کا مشروب صحت کے لیے مفید، ہاضمہ بہتر، توانائی میں اضافہ اور وزن کنٹرول میں مددگار۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متعدد افراد روزانہ صبح گرم پانی میں لیموں کا عرق ملا کر پیتے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ یہ مشروب صحت کے لیے مفید ہے۔ ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ اس مشروب کو پینے سے ڈی ہائیڈریشن سے بچاؤ، نظام ہاضمہ کی بہتری، جسمانی توانائی میں اضافہ اور تناؤ میں کمی ہوتی ہے۔
گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کرنے سے جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رہتی ہے جو نظام ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے اور قبض کا خطرہ کم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ سیٹرک ایسڈ ہاضمے کے لیے مفید سیال بننے کے عمل کو متحرک کرتا ہے۔
لیموں میں موجود پوٹاشیم پیٹ پھولنے کے مسئلے سے تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ وٹامن سی جسم میں آئرن کی جذب ہونے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے، جس سے جسمانی توانائی بہتر ہوتی ہے۔
روزانہ لیموں ملے گرم پانی کا استعمال جسمانی وزن اور بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس سے دماغی صحت اور گردوں کی پتھری کے خطرے میں بھی کمی آتی ہے۔
لیموں کے عرق میں موجود وٹامن سی جلد کے لیے بھی مفید ہوتا ہے، یہ جسمانی ورم میں کمی لاتا ہے اور کولیگن پروٹین بننے کے عمل کو متحرک کرتا ہے، جو جلد کو لچک فراہم کرتا ہے۔















