ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ امریکی اقدامات خطے کو آگ میں جھونک سکتے ہیں، جبکہ ٹرمپ نے ایران کو دھمکیاں دیں۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پورے خطے کو آگ میں جھونک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ پالیسی امریکا کو ایسی تباہی کی طرف لے جا رہی ہے جو ہر امریکی خاندان کے لیے زندہ جہنم ثابت ہو سکتی ہے۔
قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ٹرمپ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے احکامات پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خطرناک کھیل کا واحد حل ایرانی عوام کے حقوق کا احترام ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر ایران نے منگل کی شام تک آبنائے ہرمز نہ کھولی تو اس کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اس صورت میں ایران کے بجلی گھر اور پل بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔
بعد ازاں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر صرف اتنا لکھا، “Tuesday, 8:00 P.M. Eastern Time!”، تاہم انہوں نے اس پوسٹ میں ایران کا نام نہیں لیا۔ اس سے پہلے بھی وہ کہہ چکے ہیں کہ اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کو انفرا اسٹرکچر پر حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ اسی لیے اس معاملے پر امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پورے مشرق وسطیٰ کے لیے بڑے خطرے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔











