حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے پٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے، کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے پٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں امن کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم قیمتیں 3 ہفتے تک بڑھنے سے روکی گئیں اور اس کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے حکومت نے اٹھایا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کو 100 روپے فی لٹر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک میں پٹرول کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے اور کہیں بھی لمبی قطاریں نہیں ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی دی جا رہی ہے اور یہ سبسڈی صرف رجسٹرڈ گاڑیوں کو دی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور وزارت آئی ٹی، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک مل کر کام کر رہے ہیں۔















