ہیوسٹن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بھتیجے عماد صدیقی کو کار جیکنگ کے دوران قتل کر دیا گیا، جس پر پاکستانی کمیونٹی میں صدمہ ہے۔
ہیوسٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے 18 سالہ بھتیجے عماد صدیقی کو ہیوسٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق، واقعہ آلٹن میں کار جیکنگ کے دوران پیش آیا، جب نامعلوم ملزمان نے عماد صدیقی کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ حملہ آور ایک کرسلر گاڑی میں سوار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ پاساندا پولیس ڈپارٹمنٹ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر عماد صدیقی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر مسجد صابرین میں ادا کی جائے گی، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ میں دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت قید ہیں، اور اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔











