ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو وارننگ دی ہے کہ فوری معاہدہ نہ کیا گیا تو سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری معاہدہ نہ کیا گیا تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے تہران کو دوٹوک پیغام دیا ہے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں تہران اور کرج کو ملانے والے ایک اہم پل کی تباہی دکھائی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پل مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور دوبارہ استعمال کے قابل نہیں رہا۔
ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو خبردار کیا کہ ترقی اور استحکام کا موقع تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب بھی موقع ہے لیکن یہ جلد ختم ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر کے اس اقدام کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس ویڈیو کو ایران کی مجموعی صورتحال سے جوڑنا عالمی سفارتی حلقوں میں بے چینی کا باعث بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ہے۔ سابقہ معاہدوں کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک میں تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔













