وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل فرانزک ایجنسی کے مکمل فعال ہونے کا اعلان کیا، جو قومی سلامتی اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل فرانزک ایجنسی کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایجنسی کی ریسرچ اینڈ انوویشن لیب، ڈیجیٹل فرانزک لیب اور دیگر لیبز کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایجنسی قومی سلامتی اور جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یہ ادارہ ملک میں پہلی بار جدید فرانزک سروسز فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ذیلی دفاتر قائم کیے جائیں تاکہ خدمات کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی نے بتایا کہ ایجنسی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ڈیجیٹل فرانزکس کے شعبے میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ایک سال میں 1500 کیسز کی رپورٹس تیار کی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے موک کرائم سین یونٹ کا بھی دورہ کیا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے حکام بھی موجود تھے۔














