وزارت توانائی کی رپورٹ میں پیٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس کی تفصیلات سامنے آگئیں، شہری بڑی مقدار میں ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پیٹرول اور ڈیزل پر پاکستانی شہریوں کی جانب سے دیے جانے والے ٹیکس کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔
وزارت توانائی کی دستاویزات کے مطابق، ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 46 فیصد ٹیکس و منافع شامل ہے۔ شہری ایک لیٹر پیٹرول پر 211 روپے 26 پیسے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 247 روپے 15 پیسے ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ایک لیٹر ڈیزل پر شہری 59 روپے 12 پیسے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 461 روپے 23 پیسے ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق، پیٹرول 458 روپے 41 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہو چکے ہیں۔
وزارت کے مطابق فی لیٹر پیٹرول میں 24 روپے 12 پیسے کسٹم ڈیوٹی اور 7 روپے 52 پیسے ان لینڈ فریٹ مارجن شامل ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کمپنی کا منافع 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ پمپ ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے ہے۔
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 11.36 فیصد ٹیکس و منافع جات شامل ہیں۔ کسٹم ڈیوٹی 35 روپے 74 پیسے اور ان لینڈ فریٹ مارجن 4 روپے 37 پیسے ہے۔ ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی صفر ہے۔















