روس نے ایران اور امریکا کے تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے، صدر پیوٹن خطے کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ روس نے ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے حل میں مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن خطے کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اس مسئلے کو حل کیا جا سکے۔
روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ روس تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر پیوٹن ان روابط کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہماری خدمات اگر درکار ہوئیں تو ہم یقیناً تعاون کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ روسی صدر کے روابط کا مقصد جنگی صورتحال کو جلد از جلد پُرامن راستے پر لانا ہے۔ اس سلسلے میں روس ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آج مصر کے وزیر خارجہ کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔ ملاقات میں ایران جنگ، مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال کشیدہ ہے، جسے حل کرنے کے لیے عالمی رہنما مختلف کوششیں کر رہے ہیں۔















