آج کے جدید دور میں موبائل فون، لیپ ٹاپ کی بڑھتی استعمال سے آنکھوں کی جلن عام ہے۔ 20-20-20 اصول اپنائیں، آنکھوں کی صحت محفوظ رہتی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جدید دور میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔ چاہے دفتری کام ہو یا تفریح، ہم دن کا زیادہ تر وقت اسکرین کے سامنے گزارتے ہیں، جس کا سب سے زیادہ برا اثر ہماری آنکھوں پر پڑتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھنٹوں مسلسل اسکرین کو دیکھنے سے آنکھوں میں جلن، خشکی، تھکن اور سر درد جیسے مسائل تیزی سے جنم لے رہے ہیں، جسے طبی زبان میں ‘ڈیجیٹل آئی اسٹرین’ کہا جاتا ہے۔
ماہرینِ امراضِ چشم ایک مؤثر طریقہ تجویز کرتے ہیں جسے ’20-20-20 کا اصول’ کہا جاتا ہے۔ اس کے مطابق اسکرین پر کام کے دوران ہر 20 منٹ کے بعد اپنی نظریں اسکرین سے ہٹا کر 20 سیکنڈ کے لیے 20 فٹ دور کچھ دیکھیں۔
ایسا کرنے سے آنکھوں کے ان پٹھوں کو سکون ملتا ہے جو مسلسل ایک ہی جگہ دیکھنے کی وجہ سے تھک چکے ہوتے ہیں۔ یہ مختصر سا وقفہ آنکھوں کے تناؤ کو کم کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی تحقیقات بھی بتاتی ہیں کہ اسکرین کا استعمال کرتے وقت وقفہ لینا ضروری ہے۔ اگر آنکھوں میں مستقل درد یا دھندلا پن محسوس ہو، تو ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔















